اسد عمر: مظفرآباد میں کورونا کے مثبت کیسز سب سے زیادہ ہیں

اسلام آباد:اسد عمر نے کہا ہے کہ مظفرآباد میں کورونا کے مثبت کیسز سب سے زیادہ ہیں، کراچی میں کورونا کیسز کی سطح بلند، لاہور، اسلام آباد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، کورونا ایس اوپیز پر سنجیدگی سے عملدرآمد کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرت ہوئے کہا قومی سطح پر کل کورونا کیسز کی شرح 2.37 فیصد تھی، یہ گزشتہ 50 دنوں میں مثبت کیسز کی سب سے زیادہ شرح ہے، آخری بار یہ شرح 23 اگست کو سامنے آئی تھی، رواں ہفتے کے پہلے 4 دنوں میں روزانہ 11 اموات کی شرح ہے، یہ 10 اگست کے بعد سب سے زیادہ شرح ہے، جو کورونا کے عروج کی علامات ہیں۔

اسد عمر کا کہنا تھا بدقسمتی سے ہمیں پابندیوں کے اقدامات اٹھانا پڑسکتے ہیں، لوگوں کے ذریعہ معاش پر پابندیوں کا اثر پڑتا ہے۔

دوسری جانب کورونا وائرس سے مزید 13 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 6 ہزار 614 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 21 ہزار 218 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 756 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ ایک ہزار 237، سندھ میں ایک لاکھ 40 ہزار 997، خیبر پختونخوا میں 38 ہزار 464، بلوچستان میں 15 ہزار 599، گلگت بلتستان میں 3 ہزار 982، اسلام آباد میں 17 ہزار 681 جبکہ آزاد کشمیر میں 3 ہزار 258 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 39 لاکھ 75 ہزار 596 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 31 ہزار 862 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 5 ہزار 395 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 533 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 13 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 6 ہزار 614 ہوگئی۔ پنجاب میں 2 ہزار 277، سندھ میں 2 ہزار 566، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 264، اسلام آباد میں 191، بلوچستان میں 146، گلگت بلتستان میں 90 اور آزاد کشمیر میں 80 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں