باؤلرز ناکام، انگلینڈ نے پہلے روز 332 رنز بنا لیے، زیک کرالی کی سنچری

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تیسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کے دوران قومی ٹیم کے باؤلرز ناکام رہے، میزبان ٹیم نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 332 رنز بنا لیے ہیں۔ زیک کرالی نے شاندار تھری فیگر کی اننگز کھیلی۔
تفصیلات کے مطابق انگلینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا آغاز کیا تو قومی ٹیم کے اوپنر شان مسعود کے عمدہ کیچ کے سبب رورے برنز صرف 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
ڈوم سبلی کا ساتھ دینے زیک کرالی آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے نسبتاً جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 61 رنز کی شراکت قائم کر کے سکور کو 73 تک پہنچا دیا۔ یاسر شاہ نے پاکستان کو اہم کامیابی دلاتے ہوئے 22رنز بنانے والے سبلی کو پویلین واپسی پر مجبور کردیا۔
کپتان جو روٹ اور کرالی کے درمیان بھی تیسری وکٹ کے لیے 41 رنز جوڑے لیکن اس سے قبل کہ یہ شراکت مزید خطرناک ثابت ہوتی، انگلش کپتان نسیم شاہ کی وکٹ بن گئے۔ وکٹ کے عقب محمد رضوان نے شاندار کیچ تھاما۔

ابھی انگلش ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ یاسر شاہ نے اولی پوپ کی وکٹیں بکھیر پر پاکستان کو چوتھی کامیابی دلا دی۔ زیک کرالی نے اپنے کیریئر کی پہلی تھری فیگر اننگز کھیلی۔

127 رنز کے 4 وکٹوں کے نقصان کے بعد میزبان ٹیم کے بیٹسمین جوز بٹلر اور زیک کرالی نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے بیٹنگ کی اور پاکستانی باؤلرز کو بے بس کر دیا۔

کھیل کے اختتام پر جوئے روٹ الیون نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 332 سکور بنا لیے ہیں۔ زیک کرالی171 جبکہ جوز بٹلر87 رنز کیساتھ کریز پر موجود ہیں۔ دونوں بیٹسمینوں کے درمیان 205 رنز کی پارٹنر شپ بنا۔ گرین شرٹس کی یاسر شاہ نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک ایک شکار کیے۔

اس سے قبل انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ ساؤتھ ہیمپٹن میں کھیلے جا رہے سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کے کپتان جو روٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

انگلینڈ نے میچ کے لیے ٹیم میں ایک تبدیلی کا اعلان کیا اور سیم کوران کی جگہ جوفرا آرچر انگلش ٹیم میں شامل کیے گئے ہیں۔ دوسری جانب پاکستان نے میچ کے لیے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

پاکستان: اظہر علی(کپتان)، عابد علی، شان مسعود، بابر اعظم، فواد عالم، اسد شفیق، محمد رضوان، یاسر شاہ، محمد عباس، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ۔

انگلینڈ: جو روٹ(کپتان)، ڈوم سبلی، رورے برنز، زیک کرالی، اولی پوپ، جوز بٹلر، کرس ووکس، ڈوم بیس، جوفرا آرچر، سٹورٹ براڈ اور جیمز اینڈرسن

واضح رہے کہ تین میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو 0-1 کی برتری حاصل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں