فضل الرحمان اقتدار کا نشہ اترنے کے بعد مارے مارے پھر رہے ہیں

لاہور: (رائل نیوز) فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان پورے ملک میں مارے مارے پھر رہے ہیں، سیاسی رابطوں، لانگ مارچ اور عدم اعتماد کی تحریکوں سے جگ ہنسائی ہوئی، غیر متحدہ اپوزیشن جان چکی ہے موجودہ حکومت آئینی مدت پوری کرے گی۔
وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقات دراصل سیاسی یتیموں کی ملاقات تھی، سندھ میں مولانا کی آصف اور بلاول زرداری سے ملاقات کا چاند ضیاء الرحمٰن کی صورت میں چڑھا تھا، اب دیکھیں مولانا کی شہباز شریف سے ملاقات کیا گل کھلاتی ہے، اپوزیشن اے پی سی اور سیاسی گٹھ جوڑ کا لالی پاپ صرف اپنے ووٹروں کو بے وقوف بنانے کے لیے استعمال کر رہی ہے۔

فیاض الحسن نے مزید کہا وزیرِ اعظم عمران خان اور پی ٹی آئی کے خلاف کینہ، بغض اور عناد مولانا کو سکون کی نیند نہیں سونے دیتا، دو سال پہلے میں نے مولانا کو اپنے سیاسی و معاشی صغیرہ اور کبیرہ گناہوں پر معافی مانگنے کا مشورہ دیا تھا، ابھی بھی مولانا کے پاس مصلٰے بچھا کر توبہ و استغفار کرنے کا وقت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں