بینظیر بھٹو کی بارہویں برسی،،جائے شہادت پر آج پیپلز پارٹی کا جلسہ شیڈول

اسلام آباد: (رائل نیوز) سابق وزیراعظم پاکستان محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی بارویں برسی آج منائی جا رہی ہے۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے پہلی بار مرکزی تقریب گڑھی خدا بخش کے بجائے جائے شہادت لیاقت باغ راولپنڈی میں منعقد کی جا رہی ہے۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری برسی کی تقریب سے خطاب کریں گے۔
جلسے کا آغاز دن ایک بجے ہو گا جس کے لیے دو سٹیج بنائے گئے ہیں۔ ایک پر بلاول بھٹو مرکزی قیادت کے ہمراہ جبکہ دوسرے پر پیپلز پارٹی کے دیگر رہنما موجود ہوں گے۔
مرکزی سٹیج 100 فٹ اور 60 فٹ چوڑا ہے۔ سٹیج، جلسہ گاہ اور داخلی راستوں کے علاوہ مری روڈ کو خیر مقدمی بینروں سے سجا دیا گیا ہے۔
پیپلز پارٹی کی مقامی قیادت کے مطابق جلسہ گاہ میں 15 ہزار سے زائد کرسیاں لگائی جا رہی ہیں۔ برسی کی تقریب میں شرکت کے لئے ملک بھر سے جیالوں نے جڑواں شہروں میں ڈیرے ڈال دئیے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کہتے ہیں جائے شہادت کا جلسہ پیپلز پارٹی کے نئے سفر کا آغاز ہوگا۔
انتظامیہ کے مطابق جلسہ گاہ کے اندر اور باہر 3 ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکار تعینات ہوں گے جبکہ مری روڈ کمیٹی چوک سے لے کر مریڑ چوک تک ہر طرح کی ٹریفک کے لیے بند ہو گی۔ اس حوالے سے ٹریفک پولیس نے متبادل پلان جاری کر دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں