‘ٹیکس ریونیو بڑھانا اور مالیاتی خسارے کو کنٹرول رکھنا اولین ترجیح ہے’

اسلام آباد: فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ٹیکس ریونیو بڑھانا اور مالیاتی خسارے کو کنٹرول رکھنا اولین ترجیح ہے، عوام کی خوشحالی اور قومی ترقی کیلئے حکومتی اقدامات کے ثمرات آنا شروع ہوگئے، پہلی بار حکمرانوں کے بجائے قومی خزانے کی آمدن میں اضافہ ہوا۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں معاشی اصلاحات کے ایجنڈے پر کاربند اور اقتصادی صورتحال میں بہتری کی جانب گامزن ہیں، حکومت نے رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں گزشتہ سال کے 509 ارب کے مقابلے میں580 ارب روپے ٹیکس جمع کیا، ایف بی آر میں 6 لاکھ نئے ٹیکس دہندگان کا اضافہ ہوا، اس کامیابی کا سہرا عمران خان کے سر ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا یہ ملک و قوم اور معیشت کے لیے خوشخبری ہے، دو سیلولر کمپنیوں سے لائسنس فیس کی مد میں 70 ارب روپے وصول ہوئے، ایک اور کمپنی سے مزید 70 ارب وصول ہونے کی امید ہے، اس سیکٹر سے مجموعی طور پر 200 ارب روپے حاصل ہوں گے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں 73 فیصد کمی یقیناً ایک بڑی کامیابی ہے، برآمدات میں اضافہ اور درآمدات میں واضح کمی آئی، ملک میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور کاروباری طبقے کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کیلیے کوشاں ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں