سٹاک مارکیٹ میں معمولی مندی، فی تولہ سونا 400 روپے مہنگا

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے چوتھے روز معمولی مندی رہی، پورے دن کاروبار میں 0.1 فیصد گراوٹ دیکھی گئی جبکہ فی تولہ سونا مزید 400 روپے مہنگا ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق حصص مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے چوتھے روز 29.96 پوائنٹس کی مندی دیکھی گئی جس کے بعد 100 انڈیکس 30214.77 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا، پورے کاروباری روز سٹاک مارکیٹ میں 0.1 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی۔

اس سے قبل پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تیسرے روز زبردست تیزی دیکھی گئی، جس کے بعد 100 انڈیکس 435 پوائنٹس بڑھ گیا تھا اور تیزی کی وجہ سے 30 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی تھی اور انڈیکس 30244.73 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا تاہم جب آج کاروبار کا آغاز ہوا تو سٹاک مارکیٹ میں زبردست دیکھی گئی تھی اور انڈیکس 500 پوائنٹس بڑھ گیا تھا اور ایک موقع پر 100 انڈیکس 30743.62 پوائنٹس کی سطح کو چھو گیا تھا۔

کاروبار میں تیزی کی طرف جانے والی سٹاک مارکیٹ دھڑام سے نیچے گر گئی اور انڈیکس دوبارہ 30145.35 پوائنٹس کی سطح پر واپس آ گیا۔ تاہم اختتامی لمحات میں انڈیکس میں تھوڑی تیزی دیکھنے میں آئی اور آج کاروبار کے اختتام پر انڈیکس 29.96 پوائنٹس کی مندی کے بعد 30214.77 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ خطے کی کشیدہ سکیورٹی صورتحال کے سبب سرمایہ کار محتاط رویہ اختیار کئے ہوئے ہیں جو معاشی سرگرمیوں میں کمی کا باعث بنا ہے۔

اُدھرعالمی سطح پر سونے کی قیمت میں 5 ڈالر اضافہ دیکھا گیا جس کے باعث ملکی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونا 400 روپے بڑھ گیا۔

بین الاقوامی سطح فی اونس سونے کی قیمت میں 5 ڈالر کا اضافہ دیکھا گیا، جس کے بعد سونے کی نئی قیمت 1535 ڈالرکی سطح پر پہنچ گئی،

صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت 400 روپے بڑھ کر 89000 روپے اور 10 گرام سونے کی قیمت 343 روپے بڑھ کر 76303 روپے ہو گئی۔

دوسری طرف فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 1100 روپے اور فی 10 گرام چاندی کی قیمت 943 روپے پر مستحکم رہی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں